وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں آبپاشی کے نظام کی بہتری کیلئے مربوط لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس

 
0
94

اسلام آباد 20 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے آبپاشی کے حوالہ سے تمام جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبی ذخائر کی بروقت تعمیر اور زرعی زمین کو آبپاشی سے قابلِ کاشت بنانا ملکی غذائی تحفظ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک میں آبپاشی کے نظام کی بہتری کیلئے مربوط لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کو صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے پائیدار و دیر پا نظام، نہری پانی کو زرعی زمینوں تک بغیر ضیاع پہنچانے کیلئے حکمتِ عملی، پانی چوری کی روک تھام کیلئے مؤثر نظام اور آبپاشی کے نظام کو وسیع کرکے غیر آباد زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کیلئے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت دریائی پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبوں پر سنجیدگی سے عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے اور اس دہائی کو ڈیموں کی تعمیر کی دہائی کا نام دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پانی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کے غذائی تحفظ کو ترجیح دینے کے وژن کے تحت حکومت ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان پر بھی عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے تمام جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے پانی کے ذخائر کے منصوبوں کی بروقت تعمیر اور زرعی زمین کو آبپاشی سے قابلِ کاشت بنانے کو ملکی غذائی تحفظ کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، نائب چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور اعلیٰ صوبائی افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔