ملک میں پانی کے بہتر انتظام کیلئے جامع حل اختیار کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت ملک میں پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے اجلاس

 
0
100

اسلام آباد 20 جنوری 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کے بہتر انتظام کیلئے جامع حل اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کی وجہ سے فی کس پانی کی دستیابی میں کمی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک میں پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلا س میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہٰی اور سیکرٹری آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پانی کے انتظام کیلئے سیٹلائٹ اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں پانی کے بہتر انتظام کیلئے جامع حل اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کی وجہ سے فی کس پانی کی دستیابی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلت آب کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پانی کے انتظام کے موثر نظام کی ضرورت ہے۔

ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر کاشف کفایت نے ملک میں پانی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کو قلت آب جیسے مسئلہ کا سامنا ہے، سیلاب اور خشک سالی کی وجہ سے ملک کو سالانہ 12 ارب ڈالر کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

اجلاس میں پانی کی قلت اور اس کے بہتر انتظام کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پانی کے بہتر انتظام اور نگرانی کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔