حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف

 
0
251

اسلام آباد 21 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ 3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کے حصول پر اپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، کوویڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے سرفہرست 3 ممالک میں پاکستان شامل ہے۔

جمعہ کو اپنی ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ 3 سالوں میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 5.37 فیصد کی نمو پر اپنی حکومت کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں جس کے نتیجہ میں ملازمتوں کے قابل ذکر مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کی بین الاقوامی طور پر تائید و توثیق ہو رہی ہے، بلوم برگ نے پاکستان میں نمو کے پائیدار تسلسل اور روزگار کی بلند شرح کی پیش گوئی کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دی اکانومسٹ نے اس بات کا اعتراف اپنے تازہ ترین نارمیلسی انڈیکس میں کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹویٹس کے ہمراہ دی اکانومسٹ کے اعدادوشمار کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق کووڈ۔ 19 کی وبا کی شدت میں کمی کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے 50 ممالک میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے، اس فہرست میں امریکا 25 ویں ، آسٹریلیا 38، فرانس 17، برطانیہ 39، نیوزی لینڈ 41، جرمنی 42، ہالینڈ 50، چین 33، ویتنام 30 اور برازیل 16 ویں نمبر پر ہے، کوویڈ کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال کرانے والے ممالک میں بھارت آٹھویں نمبر پر ہے۔