میری سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار نے ہوائی فائرنگ کی ٗعلی زیدی

 
0
318

اسلام آباد مئی 9(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے گذشتہ روز حکیم سعید گراؤنڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان ہونے والے تصادم کے حوالے سے کہا ہے کہ مجھ پر سامنے سے فائرگ کی گئی جس کے ردعمل میں میری سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بھی ہوائی فائرنگ کی تاکہ لوگ کو ہٹایا جاسکے اور ہم وہاں پھنسی ہوئی خواتین کی مدد کرسکیں۔ایک انٹرویومیں علی زیدی نے کہا کہ میں نے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں کیا، میرے لوگوں پر حملہ ہوا خواتین سے بدتمیزی کی گئی جس پر میں جذباتی ہوا تھا۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے وزارت داخلہ کی جانب سے دو پولیس اہلکار بطور سیکیورٹی گارڈ دئیے گئے ہیں ٗ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد میری سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار واپس چلے گئے تھے جس کے بعد مجھے یہ دو گارڈز دوبارہ دئیے گئے۔ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی پی کی رہنما اور سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ علی زیدی بار بار جھوٹ بول رہے ہیں جس کی میں مذمت کرتی ہوں، ہمارے یہاں خواتین کو جلسوں میں تنگ نہیں کیا جاتا اور نہ ہی ہماری پارٹی کی خواتین کسی پر الزام لگاتی ہیں۔شہلا رضا نے کہا کہ علی زیدی اپنا جھوٹ واپس لیں کہ ان کی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی وہاں پر بہت سارے کیمرے موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جن عورتوں اور بچوں کے زخمی ہونے کی بات کر رہی ہے انھیں پیش کیا جائے۔متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں کپڑے صرف عامر لیاقت کے پھٹے جبکہ اس معاملے میں ایم کیو ایم کو شامل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔علی رضا عابدی نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی کی نیت خراب تھی کیوں کہ جلسے کیلئے 12 مئی کے دن کا انتخاب کا مقصد ایم کیو ایم کے خلاف بات کرنا تھا۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر ایم کیو ایم کا ڈھول پیٹنا چاہ رہی تھیں لیکن خود ایک دوسرے کو پیٹنا شروع ہو گئے اور جو گڑھا ہمارے لیے کھودا جا رہا تھا اس میں یہ خود گر گئے۔12 مئی کے حوالے سے رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ اگر انھیں 12 مئی کی اتنی تکلیف ہے تو 12 سال سے عدالت میں کوئی کیس کیوں نہیں چلا ٗایک بھی کیس اس لیے نہیں چلا کیوں کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کا حصہ تھیں۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ بہت مشکل سے تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لے کر نواز شریف نے کراچی کا امن بحال کیا ہے جو کہ کراچی کے لوگوں کا حق ہے لیکن گزشتہ روز رات جو واقعہ رونما ہوا اس سے دنیا میں منفی پیغام گیا۔