مغربی میڈیا بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم کو اجاگر کر رہا ہے،وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف

 
0
117

اسلام آباد 26 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے خلاف جارحانہ اقدامات کی وجہ سے خود کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے، بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے لیکن دنیا یہ جانتے ہوئے بھی سیاسی اور معاشی مفادات کی خاطر آنکھیں بند کئے ہوئےہے، اگر بین الاقوامی اداروں اور عالمی برادری نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس نہ لیا تو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کو نقصان ہو گا۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی میڈیا اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور بھارت میں فاشسٹ مودی حکومت کی طرف سے ان پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کو اجاگر کر رہا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ مغربی دنیا بھارت سے معاشی فواہد حاصل کر رہی ہے جو اسے بھارت میں بسنے والے مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھانے سے روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طرف سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے، ہم بارہا دنیا کو کہہ رہے ہیں کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان کی سفارتی کوششیں آہستہ آہستہ رنگ لا رہی ہے اور اب وسطی دنیا بھی بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے لکھ رہی ہے اور حال ہی میں یونیورسل ڈیکلیئریشن آف ہیومن رائٹس نے بھی بھارت کو انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزیاں کرنے والا ملک قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض ممالک بھارت کو چین کے کاﺅنٹر ویٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو غلط تاثر ہے اس کا کوئی موازنہ نہیں بنتا، بھارت اپنے آپ کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے اور جلد ہی دنیا کو یہ بات سمجھ آ جائے گی۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ دنیا نے انسانی حقوق کے حوالے سے دوہرا معیار اختیار کیا ہوا ہے، جسطرح بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اگر کوئی اور ملک ہوتا تو آج تک دنیا اس کے خلاف سخت ایکشن لے چکی ہوتی۔