وزیر اعظم عمران خان کی ازبک صدر شوکت مرزیوف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال

 
0
162

اسلام آباد 05 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کو بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے عقیدے، تاریخ اور ثقافت کے مشترکہ رشتوں، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری کو وسیع پیمانے پر اپ گریڈ کرنے اور اہم منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے، بالخصوص تاریخی دوطرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (یو پی ٹی ٹی اے) کو فعال کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے حوالے سے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور آئندہ مہینوں میں اس پر مزید پیشرفت کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دوطرفہ اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزیراعظم نے سیاحت کو بڑھانے، براہ راست پروازں کی بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھانے، بینکنگ روابط کو مضبوط اور ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے تعلیم اور ثقافت میں تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بابری ورثے سے متعلق مشترکہ فلم اور ازبک زبان میں پاکستانی ڈراموں کی ڈبنگ سمیت مشترکہ تحقیق اور میڈیا منصوبوں پر پیشرفت کو تسلیم کیا۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن و استحکام کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور افغان صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے افغانستان کے لیے اقتصادی اور انسانی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عملی رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر اور رابطوں کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے از حد ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام ازبک صدر شوکت مرزیوف کے دورہ پاکستان پر ان کے استقبال کے منتظر ہیں۔ دونوں فریقوں نے دورے کے ٹھوس نتائج کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔