حزبِ اختلاف کا ہمارے اتحادیوں سے اچانک پیار سمجھ میں نہیں آتا: حسان خاور

 
0
138

اسلام آباد 12 فروری 2022 (ٹی این ایس): پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے اتحادی ساتھ چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحادیوں کے ساتھ محبت ہے اور انہیں ہم سے ہےلیکن حزب اختلاف کا ہمارے اتحادیوں سے اچانک پیار سمجھ میں نہیں آتا۔

میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادئیگی کے لیے کام جاری ہے۔ پنجاب حکومت’’ جرنلسٹس فائونڈیشن‘‘ کے قیام پر غور کررہی ہے، جس کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، اس فائونڈیشن کے تحت صحافیوں کے کے رہائشی اور صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح و بہبود کے دیگر کام بھی انجام دیے جائیں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں ایک نجی ہوٹل میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (ایف ای سی) کے اجلاس کے بعد منعقدہ عصرانے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے کررہے تھے۔

اس موقع پر پنجاب حکومت کے میڈیا کنسلٹنٹ فرخ شاہ بھی موجود تھے۔

تقریب سے سینئر صحافیوں مجیب الرحمٰن شامی، سلمان غنی، طارق عثمانی، اسلم ڈوگر، لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری، پی ایف یو جے کےصدر جی ایم جمالی،سینئر نائب صدر امین فطرت، سیکریٹری جنرل رانا محمد عظیم، خازن جمیل مرزا، سیکریٹری اطلاعات احتشام الحق اور مرکزی رہنما حسن عباس نے بھی خطاب کیا۔

جب کہ پی ایف یو جے سندھ چیپٹر کے صدر سعید جان بلوچ، کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، میزبان پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے ) کے جنرل سیکریٹری شاہد چوہدری اور دیگر نے معزز مہمانوں کو شیلڈز، سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔

حسان خاور نے بتایا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ مہیا کرے گی، میڈیا ئوسز کے کچھ واجبات ادا کردیے ہیں اور بقایا کی ادائیگی کے لیے کام جاری ہے، جس کے بعد نہ صرف میڈیا ہائوسز کے مالکان کو ریلیف ملے گا بلکہ ان کی جانب سے صحافیوں کو ادائیگی کرنے کے بعد باالواسطہ طور پر صحافیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔