تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر اور کابینہ کے سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس نے آزادکشمیر بھر میں بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے جملہ عہدیداران کو مبارکباد دی

 
0
100

اسلام آباد 16 فروری 2022 (ٹی این ایس): تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر اور کابینہ کے سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس نے آزادکشمیر بھر میں بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے جملہ عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاہے کہ وکلاء معاشرے کا انتہائی باشعور طبقہ ہیں جو روز مرہ معاملات میں عام آدمی کے لیے راہنمائی کا باعث بنتے ہیں۔خطہ کے اندر انصاف کی فراہمی اور قانون کی عملداری کے لیے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔کوئی بھی معاشرہ انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔معاشرتی توازن اور انصاف کے لیے وکلاء برادری نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے،مرکزی بار مظفرآباد نومنتخب ممبر ایگزیکٹیو باڈی فیضان مغل کے نام اپنے پیغام اور وکلاء الیکشن میں کامیاب ہونے والے عہدیداروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے مزید کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اعتدال پسند معاشرے میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیح ہے۔تحریک انصاف خطہ کے اندر انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور یہ انصاف معاشرے کے تمام طبقات کے لیے ہے۔وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عام آدمی کے لیے ضروریات زندگی کی فراہمی کے علاوہ قانون سب کے لیے یکساں اور برابر ہو یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔تحریک انصاف کی بنیاد ہی انصاف کی فراہمی کے لیے رکھی گئی اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ معاشرے کے اندر ہر طبقہ فکر کے لیے انصاف کی دستیابی آسان اور سہل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے وکلاء قانون کی بالادستی،انصاف کی فراہمی اور معاشرتی تضادات کے خاتمہ کے لیے ہمیشہ جمہوری رویوں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کا تسلسل اور ہر سال نئے مینڈیٹ کا حصول آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے لیے بھی روشن مثال ہے جس جمہوری انداز میں وکلاء الیکشن میں کامیاب ہوکر اپنے طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں معاشرے میں منفرد رکھنے کے لیے ہمیشہ مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہیں جو معاشرے کے دیگر طبقات کے لیئے لیے مشعل راہ ہیں۔