صدر پی ٹی آئی آذاد کشمیر وشموسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان کاآل پارٹیز کشمیر کانفرنس کی ریلی میں شریک ہیں۔

 
0
305

اسلام آباد 24 فروری 2022 (ٹی این ایس): آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلہ کی روشنی میں گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک تحریک آزادی کشمیر کے حق میں ہونے والی ریلی سے تحریک انصاف کے صدر سردار تنویر الیاس کے خطاب نے ماحول کو گرمادیا۔ پنڈال کشمیر بنے گا پاکستان اور آزادی کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔سردار تنویر الیاس نے اپنے خطاب میں اقوام عالم سمیت سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین اور برطانیہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے یاددہانی کرواتے ہوئے کہا کہ برطانیہ دنیا میں ہونے والی ہر سازش کا حصہ ہوتا ہے۔سردار تنویر الیاس کے خطاب کے دوران شرکاء پنڈال وقفے وقفے سے پرجوش نعرے بازی کرتے رہے۔صدر تحریک انصاف نے جماعتی موقف کے تحت بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جو چنگاری سلگ رہی ہے یہ پوری دنیا کا امن تباہ کرسکتی ہے۔نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارتی سرکار مقبوضہ کشمیر میں مسلمان خواتین کے سروں سے چادریں چھین رہی ہے اور دنیا یہ تماشہ دیکھ رہی ہے۔کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے ستر سال سے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور یہ قربانیاں الحاق پاکستان کے لیے دی جارہی ہیں یہی ہماری منزل ہے اور منزل کے حصول تک قربانیوں کا یہ سفر جاری رہے گا۔سردار تنویر الیاس نے اپنے پرجوش اور مدلل خطاب میں تحریک آزادی کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے بھارتی استبداد کو للکارا کہ کشمیری تیسری نسل سے قربانیاں دے رہے ہیں،ان کے اسلاف کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور اسلاف نے منزل طے کرلی تھی اس منزل کا حصول ہر کشمیری پر فرض ہے اور اس فرض کے لیے قوم پر جو قرض ہے وہ ادا کرنا ہے۔انہوں نےمزید کہا کہ بھارت ہمارے اسلاف سے واقف نہیں ہے وہ یہ نہیں جانتا کہ ہم خالد بن ولید،عبیدہ ابن جراح اور سید الشھداء علی المرتضی کے پیرو کار ہیں۔ہم حسینی ہیں دنیا کا کوئی جبر ہمیں دبا نہیں سکتا۔سردار تنویر الیاس نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلہ کی روشنی میں ریلی کے انعقاد اور اس میں شرکت کرنے والے تمام قائدین سمیت تمام جماعتوں کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے زیر اہتمام ایک اہم تقریب میں ممبران قومی اسمبلی،سینیٹ اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے بیرون ملک مسئلہ کشمیر کے حق میں ریلیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور ان ریلیوں میں شرکت کا وعدہ کیا ہے۔بیرون ملک مسئلہ کشمیر کے حل اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے کشمیری عوام کی آواز کو ایک بار پھر سے بھرپور انداز میں اٹھانے کی ضرورت ہے اور تحریک انصاف کی حکومت یہ ذمہ داری بھرپور انداز میں پوری کرنے جارہی ہے۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جوبھی تقریب او رپروگرام آل پارٹیز کانفرنس کے پلیٹ فارم سے دیا جائے گا تحریک انصاف کے کارکن بھرپور طریقے سے اس کا حصہ بنیں گے۔