بلجیئم،لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے آن لائن کھلی کچہری کاانعقاد

 
0
132

اسلام آباد 25 فروری 2022 (ٹی این ایس): یورپی یونین ، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر جناب ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے چودھویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اپنی گفتگو کے دوران سفیرِ پاکستان نے کمیونٹی کو موثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف (COAS) کے دورے سمیت برسلز میں حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان دوروں نے بیلجیئم، یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ میزبان حکام نے افغانستان سے انخلاء کی کارروائیوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے سفارتخانے کی جانب سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کی وضاحت کی جس میں اہم اداروں، بااثر رائے سازوں اور میڈیا کے ساتھ مصروفیات شامل ہیں تاکہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔