اسلام آباد 25 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک دفعہ پھر ماسکو میں اپنے اصولی موقف کو دنیا کے سامنے پیش کردیا کہ طاقت کا استعمال کسی بھی تنازعہ کا حل نہیں، روس اور یوکرین کو مذاکرات سے مسئلہ حل کرنا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس پر اپنے ٹویٹ میں وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس اس بات کاثبوت ہے کہ پاکستان علاقائی امن وسلامتی اوراقتصادی ترقی کیلئے تنازعات کے بجائے پائیدار امن کے لیے کوشاں ہے،اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئےسفارتی سطح پر ہمیں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں مددبھی ملی ہے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کی ٹائمنگ پر سوالات اٹھانے والوں کو جان لینا چاہیے کہ وزیراعظم بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی ہیں، مسئلہ کشمیر سے لیکر افغانستان اور توانائی کے شعبہ میں تعاون،دوطرفہ تعلقات ،اسلاموفوبیا پر بات ہوئی، عمران خان انشاء اللہ نہ کبھی جھکے گا،نہ پاکستانیوں کو جھکنے دے گا –