پٹرول و ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی اور مستحق خاندانوں کیلئے مالی معاونت میں اضافہ کا اعلان ، آئندہ بجٹ تک بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

 
0
106

اسلام آباد 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کی لہر کے باوجود ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کم کرنے، مستحق خاندانوں کیلئے مالی معاونت 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 14ہزار روپے کرنے، گھروں کی تعمیر، کسانوں اور کاروبار کیلئے 407 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے، انٹرن شپ کرنے والے نوجوانوں کو 30 ہزار روپے وظیفے کی فراہمی، اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری یا جوائنٹ وینچر کی صورت میں ٹیکس میں پانچ سال کی چھوٹ اور آئی ٹی سٹارٹ اپ پر 100 فیصد کیپٹل گین ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ تک بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا،مکانات کی تعمیر کیلئے 1400 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، ملک اور معیشت اب صحیح راستے پر چل پڑے ہیں۔

مافیاز آزادی صحافت کے نام پر بلیک میل کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر لوگوں پر فیک نیوز چلائی جا رہی ہیں، یہ کہاں کی صحافت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کے حوالہ سے تین بڑے اخباروں میں جو غیر اخلاقی مواد چھپا اگر برطانیہ میں کوئی ایسا کرتا تو اتنا بڑا ہرجانہ ہوتا کہ اخبار ہی بند ہو جاتے، فیک نیوز کے خاتمہ کے قانون سے اچھے اور پیشہ وارانہ صحافی خوش ہوں گے، حکومت کو میڈیا کی تنقید سے کوئی مسئلہ نہیں۔

پیر کی شام قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں تیزی کے ساتھ صورتحال بدل رہی ہے، دیگر دنیا کے ساتھ ساتھ بدلتی صورتحال کے پاکستان پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، 2018ء میں پاکستان کا تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر تین ہفتے کی درآمدات کے برابر تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا سے دنیا کی بھر میں معیشتیں متاثر ہوئیں، لاک ڈائون کے اٹھنے سے دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا تاہم پاکستان کی کورونا سے نمٹنے کی بہتر حکمت عملی کی بدولت ہم معیشت اور قیمتی جانوں کو بچانے میں کامیاب رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے حوالہ سے دنیا کے بڑے اداروں نے پاکستان کی تعریف کی، اکانومسٹ اور عالمی بینک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے، ایک طرف ہم کورونا سے لڑے دوسری طرف پولیو صفر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے احساس پرگرام کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات پر بھی پاکستان کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت 40 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، کینیڈا میں 30 سال میں سب سے زیادہ اور ترکی میں مہنگائی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹا۔

وزیراعظم نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پہلے دور میں 13.9 فیصد مہنگائی ہوئی، پیپلز پارٹی کے دوسرے دور میں 8.3 فیصد مہنگائی ہوئی، (ن) لیگ کے سابقہ دور میں بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں سب سے کم تھیں جبکہ تحریک انصاف کے پہلے تین سال میں 8.5 فیصد مہنگائی رہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم مشکلات حالات سے نکل آئے ہیں، حکومت ہر وقت عوام پر بوجھ کم کرنے کے بارے میں سوچتی ہے، ملک اور معیشت اب صحیح راستے پر چل پڑے ہیں۔