صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرچ بشپ آف کینٹربری، جسٹن ویلبی کی ملاقات، مذہبی ہم آہنگی اورباہمی افہام و تفہیم کے فروغ پر گفتگو

 
0
131

اسلام آباد 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کی ضرورت ہے، معاشرے کو روادار بنانے کیلئے باہمی احترام کو فروغ دینا ناگزیر ہے، ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت سے آرچ بشپ آف کینٹربری، جسٹن ویلبی نے ملاقات کی۔

جس میں مذہبی اداروں بالخصوص مساجد اور چرچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی ادارے اقوام کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اورباہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ، معاشرے کو روادار بنانے کیلئے باہمی احترام کو فروغ دینا ناگزیر ہے، دنیا کوانسانیت اور امن کے لیے کام کرنے ، لوگوں کے مصائب اور تکالیف دور کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی ۔مہاجرین کی دیکھ بھال کرنا عالمی برادری کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے، آرچ بشپ نے کہا کہ مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئے بین الاقوامی کنونشن کی ضرورت ہے۔