اسلام آباد 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بڑے شہروں میں آئی ٹی سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے خصوصی زون بن رہے ہیں، اس مقصد کیلئے حکومت نے این او سی کے حصول کی بجائے تعمیلی نظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی کا 68 فیصد ہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں کھپت کی بڑی گنجائش ہے، اس کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کا راستہ ہموار ہو گا۔
قبل ازیں بورڈ آف گورنرز نے اسلام آباد میں مختلف ٹیکنالوجی و انوویشن کلسٹرز قائم کرنے کی منظوری دی جن کا مقصد ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس اور فری لانسرز کے فروغ کیلئے موجودہ بنیادی ڈھانچہ کو استعمال کرنے کے حوالہ سے آئی ٹی کے شعبہ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی دوست ماحولیاتی نظام قائم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں جن میں رجسٹرڈ ٹیک سٹارٹ اپس اور فری لانسرز کیلئے ٹیکس میں چھوٹ، پاکستان ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ فنڈ کا قیام اور ملکی و غیر ملکی جوائنٹ وینچرز فنڈنگ سمیت اقدامات شامل ہیں۔
اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وفاقی وزیر صنعت خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی عامر ہاشمی، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔