پاکستان میں تمام اقلیتیں پر امن طور رہ رہی ہیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ، وزیراعظم عمران خان

 
0
230

اسلام آباد 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ثقافتی لحاظ سے متنوع ملک ہے جو ہندوئوں، عیسائیوں سمیت مختلف مذہبی اقلیتوں کا گھر ہے جہاں یہ تمام لوگ پرامن طریقہ سے رہ رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردا ر ادا کر رہے ہیں جبکہ بھارت میں اقلیتوں کو بدترین مذہبی امتیاز اور عدم برداشت کا سامنا ہے جو قابل افسوس ہے، ہماری حکومت نے اسلام کے حقیقی پیغام کو فروغ دینے کیلئے رحمت اللعالمینﷺ اتھارٹی قائم کی ہے ۔

پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کینٹربری کے آرچ بشپ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی ، مذہبی برداشت اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان تعلق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے آئین میں درج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ثقافتی لحاظ سے متنوع ملک ہے اور یہ ہندوئوں اور عیسائیوں سمیت مختلف مذہبی اقلیتوں کا گھر ہے اور یہ تمام لوگ یہاں پرامن طریقے سے رہ رہے ہیں اور پا کستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمسایہ ملک بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بدترین قسم کے مذہبی امتیاز اور عدم برداشت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے آرچ بشپ کو بتایا کہ ان کی حکومت نے اسلام کے حقیقی پیغام کو فروغ دینے کیلئے رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی قائم کی ہے جو اسلام کے حقیقی پیغام کو فروغ دے گی جو بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کے پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتی ہے۔ آرچ بشپ نے اس موقع پر کہا کہ مذہبی رواداری اور پرامن بقائے باہمی وقت کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں آرچ بشپ جسٹن ویلبی نے پشاور کے آل سینیٹس چرچ میں اتوار کو اجتماع میں شرکت کی اور امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔