خط کا جھوٹ بول کرعوام کو ورغلانے کی کوشش ہو رہی ہے، بلاول زرداری

 
0
128

اسلام آباد 01 اپریل 2022 (ٹی این ایس): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے فرائض کے مطابق ایک کام بھی نہیں کیا، جاتے جاتے وزیراعظم خارجہ پالیسی، معیشت اور اداروں پر حملہ آور ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ عمران خان جاتے جاتے اداروں کو نقصان پہنچا رہا ہے، خط کا جھوٹ بول کر عوام کو ورغلانے کی کوشش ہو رہی ہے، وزیر اعظم کی حیثیت سے ایسا کام کرنا ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، لیٹر کا شوشہ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا ہے جو خطرناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد، نمبرز پورے، پرسوں عمران خان کو شکست ہو گی، شہباز شریف

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی حثیت سے ایسا کام کیا جاتا ہے تو اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے ، عمران خان خان23 فروری کو روس گئے ، کیا 23 فروری سے پہلے ہم شہباز شریف کے پاس تحریک عدم اعتماد کا آپشن لے کر نہیں گئے؟ کیا ہمیں پہلے سے پتا تھا کہ آپ نے روس جانا تھا اور روس نے جنگ کرنی تھی؟

بلاول نے کہا کہ ہم نے جنوری میں عوامی مارچ اور عدم اعتماد کا فیصلہ کیا تھا، کیا ہمیں پہلے سے معلوم تھا کہ عمران خان نے روس جانا ہے؟ کیا ہمیں پہلے سے علم تھا کہ ان کے خلاف عالمی سازش ہو رہی ہے؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے، ایسا جھوٹ تو بولیں جس پر کوئی بھروسہ تو کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عدم اعتماد پُر امن طریقے سے ہو، وزیراعظم نےعام سفارتی عمل کو متنازع بنایاہے،ملک گواہ ہےکہ ہم کئی سال سے سیاسی جدوجہدمیں شریک ہیں۔