شکست خوردہ سیاسی عناصر نے ملک کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،وزیراعلیٰ شہباز شریف

 
0
387

لاہوراگست 3 (ٹی این ایس) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاج اور منفی سیاست پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے زہرِ قاتل ہے کیونکہ تصادم اور محاذآرائی کی سیاست سے ہمیشہ معیشت کو نقصان پہنچتا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ نفاق اور افراتفری سے قومیں اور معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں۔ شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک میں انتشار کی سیاست کررہے ہیں اور ان عناصر نے ملک کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جھوٹ، الزام تراشی، گالی گلوچ اور گھٹیا زبان کا استعمال کرنے والے یہ سیاستدان پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ قومی وسائل لوٹنے ،قرضے معاف کرانے اور منصوبوںمیں ڈاکہ ڈالنے والے انکے ساتھی ہیں۔ سر سے پائوں تک کرپشن میں ڈوبے لوگوں کو ساتھ ملا کر عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ مخالفین مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت اور ترقیاتی ایجنڈا سے خوفزدہ ہیں اور ملک سے ختم ہوتے ہوئے توانائی بحران کو دیکھ کر انکی نیندیں اُڑنا شروع ہوگئی ہیں۔ عوام کل بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھے ، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیںگے۔ بہتان تراشی کرنے والے منفی سیاست کی سزا بھگتیں گے اور قوم ایسے عناصر کو کبھی معاف نہیں کریگی۔ مخالفین ہوس اقتدار میں اندھے ہو کر عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ تاریخ ساز سی پیک کے منصوبوں میں تاخیر پیدا کرنے والے بھی یہی عناصر ہیں۔ پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے خوفزدہ عناصر کو 2018ء کے انتخابات میں عبرتناک شکست ہوگی۔ نوازشریف نے پاکستان کو امن دیا ہے اور معیشت کو مضبوط بنانے کا کریڈٹ بھی انکی ٹھوس پالیسیوں کو جاتا ہے۔ نواز شریف عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں اور کوئی انہیں عوام سے دور نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے زبردست معاشی پروگرامو ں کے باعث غربت اور بیروزگار ی میں کمی آئی ہے۔ ملک کو مضبوط او رمعاشی طور پر مستحکم بنانے کے حوالے سے عوام نوازشریف کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ہماری پالیسیوں کا محور عام آدمی ہے جس کی فلاح و بہبود دل و جان سے عزیز ہے۔ انتشار پسند عناصر ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں،سی پیک مخالفین کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔