ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کے بطور ڈپٹی اسپیکر اختیارات بحال

 
0
133

لاہور 15 اپریل 2022 (ٹی این ایس): لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرنے کے خلاف دائر مسلم لیگ ق کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس، جواد حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ ق اور پرویز الٰہی کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر چار گھنٹے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

بعد ازاں عدالت نے 31 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں پرویز الہی اور مسلم لیگ (ق) کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کردی گئیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرسکتے ہیں، عدالت نے دو روز قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحالی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

عدالتی فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قائد ایوان کے الیکشن کے روز غیر ملکی میڈیا، مبصرین، فافن، پلڈاٹ اور ملکی میڈیا کو کوریج کی سہولیات فراہم کریں۔

عدالت نے مزید کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے کی پاسداری کریں گے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران ووٹنگ کسی بھی شکایت پر فوری کاروائی کریں وزیراعلیٰ کے انتخاب شفاف اور غیر جانبدار انداز میں کروایا جائے۔

فیصلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ دوست مزاری کو قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرنے کا حق حاصل ہے، الیکشن کے دوران آئی جی پنجاب رکاوٹ کے خدشات کو دور کریں گے جبکہ دوست مزاری کا اختیار ہے ہے کہ وہ الیکشن کروائیں۔