پنجاب فوڈ اتھارٹی کاوطن عزیز پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی پر ریسٹورنٹس میں مقابلے کروانے کااعلان

 
0
326

لاہور اگست3. (ٹی این ایس ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وطن عزیز پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی پرصوبہ بھر کے تمام بڑے شہروں کے ریسٹورنٹس میں مقابلے کروانے کااعلان کیا ہے۔ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن سے ملاقات کے بعد ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے مقابلے منعقد کروانے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔مقابلے لاہور، ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں کروائے جائیں گے ۔ ریسٹورنٹس کے درمیان جشن آزادی کے موقع پر بہتریں صفائی، کھانے اور سجاوٹ کی بنیاد پر مقابلے ہوں گے۔ ریسٹورنٹ کچن ، کھانے کے اجزاء اور ورکرز کی بہتریں حالت کی بنیاد پر جانچ ہو گی۔ جشن آزادی تھیم کے پیش نظر ریسٹورنٹ کو بہترین طریقے سے سجانے کے بھی مقابلے ہوں گے۔ فوڈ اتھارٹی افسران، مختلف شعبوں اورسول سوسائٹی ممبران پر مشتمل جیوری جیتنے والوں کا فیصلہ کرے گی۔ اول ، دوئم اور سوئم آنے والوں کو خصوصی انعام دیے جائیں گے۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت کا بہترین ثبوت قوانین پر عمل کرنا ہے۔خوراک سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کرنا نہ صرف بہریں شہری ہونے کا ثبوت ہے بلکہ اس سے صحت مند اور توانا نسل کو پروان چڑھانے اور عام آدمی سے بیماریوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین مقصد صاف ستھری اور معیاری خوراک کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس حوالے سے فوڈ انڈسٹری کا تعاون ناگزیر ہے اور اب تک پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام اقدامات میں فوڈ انڈسٹری کا تعاون قابل تحسین ہے۔