پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج ، چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

 
0
136

اسلام آباد 26 اپریل 2022 (ٹی این ایس): چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر الیکشن کمیشن کے اسلام آباد میں مرکزی اور صوبائی دفاتر کے سامنے تحریک انصاف نے احتجاکج کیا جبکہ علاقائی دفاتر کے باہر بھی دھرنے دیے گئے

۔احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کیے جانے کے باعث تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی علی نواز اعوان کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان نے نادرا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ ریڈ زون میں احتجاج نہ کیا جائے۔دوسری جانب کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ آفس کے سامنے پی ٹی آئی کا احتجاج بھی جاری ہے جس میں اراکینِ سندھ اسمبلی اور کارکنان شریک ہیں اور شرکا کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔پشاور میں پی ٹی آئی ورکرز کا الیکشن کمیشن کے صوبائی دفترکے سامنے احتجاج کیا گیا

جس میں پی ٹی آئی کارکنوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تصاویر اٹھارکھی ہے اور ان کے خلاف نعرہ بازی کی جاری ہے۔پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہیں اور انہیں فوری ہٹایا جائے۔گوجرانوالہ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کا ضلعی الیکشن کمشنر افس کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں پی ٹی آئی کارکنان ریلیوں کی صورت الیکشن کمشنر آفس کے سامنے پہنچے اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔اسی طرح گجرات میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی صدر چوہدری سلیم سرور جوڑا کی قیادت میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کیا جس میں کارکنان چیف الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔