بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی جاری، تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

 
0
415

سرینگر + اسلام آباد اگست5 (ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد میں مزید دو کشمیری نوجوانوںکو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے یاور نثار شیر گوجری اور ایک اور نوجوان کو بیج بہاڑہ کے علاقے کانیلوان میں ایک پر تشددکریک ڈاﺅن کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق انت ناگ ضلع کے علاقے بیجبہاڑہ کے علاقے کنی بل میں بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں حزب المجاہدین کا ایک جنگجو شہید ہوا ہے جس کی شناخت یاور نثار شیر گوجری عرف الغازی کے نام سے ہوئی ہے۔

یاور کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ مشہور سنگبار تھا جو ایک ماہ پہلے مجاہدین کی صفوں میں شامل ہوا تھا۔ مجاہد کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ یاور نثار بھارتی فوج پر پتھراو¿ میں مشہور تھا جسے ایک سازش کے تحت راستے سے ہٹایا گیا ہے۔ دریں اثناءگزشتہ روز کولگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو سپردخاک کر دیا گیا ہے جبکہ شوپیاں میں مارے گئے فوجی میجر اور ایک سپاہی کی نعشوں کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ کولگام میں شہید ہونے والے عاقب احمد ایتو کی تدفین گوپال پورہ اور سہیل احمد راتھر کو تانترے پورہ یاری پورہ میں ان کے آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا۔شہداءکی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تدفین کے بعد لوگوں نے بھارتی فورسز کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوںمیں فوج اور فورسز کے ہاتھوںجاں بحق عسکریت پسندوں اور عام شہریوں کی یاد میں مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال رہی۔ جامع مسجد سرینگر کی مسلسل ناکہ بندی کے خلاف سرینگر میں تاجروں نے دھرنا دیا جس کے دوران کشمیر اکنامک الائنس کے دونوں دھڑوں کے علاوہ دیگر تاجر انجمنوں نے شرکت کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ شبیر شاہ کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کے دوران ڈائریکٹوریٹ کے وکیل نے انہیں ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ لگانے کیلئے کہا تاہم انہوںنے ایساکرنے سے انکار کر دیا۔ شبیر شاہ کی اہلیہ ڈاکٹربلقیس نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے حریت رہنما کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نظربندی کے دوران ان کے شوہرکی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی طرف سے پارلیمنٹ میں دئیے جانے والے بیان کہ جموں کشمیر کا بھارت کے ساتھ اقتصادی انضمام مکمل ہوا ہے، کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا بھارت کے ساتھ کسی بھی طرح کا انضمام یا وابستگی ہرگز ممکن نہیں۔ بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ جنگجوﺅں اور حریت رہنما¶ںکے ساتھ بات چیت کے لئے وقت موزوں نہیں ہے اور نہ ہی ان کے ساتھ بھاجپا حکومت کوئی سمجھوتہ کرے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا امن دشمن عناصر نے ریاست میں سیاحتی سیزن کو کافی نقصان پہنچایا ہے تاہم ان پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کے خلاف بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے مطابق کشمیر کا تنازعہ پر طریقے سے حل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران بھارتی قابض فورسز نے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے مزید بےگناہ کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔

بھارتی فورسز نے وحشت و درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولی چلائی اور پیلٹ گنز کا ستعمال کیا جبکہ پلوامہ ہسپتال اور ویمن کالج سری نگر پر حملہ کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق پر امن حل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔