اسلام آباد کےبلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کےلئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہائیکورٹ پہنچ گئیں

 
0
87

اسلام آباد 14 جون 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کروانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی۔رٹ میں موقف اپنایا گیا کہ یونین کونسل کی تعداد میں اضافہ کرنے کےلڑے الیکشن کمیشن کا شیڈول معطل کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھائے بغیر بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی.

مسلم لیگ ن اور پی پی پی کی مقامی قیادت نے الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول سے متعلق نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا ،درخواست گزاروں نے عادل عزیز قاضی اور سعد راجپوت ایڈووکیٹ کے زریعے درخواست دائر کی۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وفاق کو بذریعہ وزیراعظم کے سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وفاقی حکومت نے 21 مئی 2022 کو اسلام آباد کی یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، اسلام آباد کی یونین کونسلز کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی گئی، بیس ہزار افراد کی نمائندگی کے تناسب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی گئی، الیکشن کمیشن نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بغیر لوکل گورنمنٹ الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا، الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ الیکشن سے قبل یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کا پابند ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے دو جون کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بغیر لوکل گورنمنٹ الیکشن کا انعقاد روکا جائے، درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعاکی گئی۔