ریلوے کی بحالی قومی خدمت ،پہلے سے بھی کہیں جوش وجذبے کے ساتھ جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے‘ خواجہ سعد رفیق

 
0
370

لاہور اگست 05.(ٹی این ایس ) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی بحالی قومی خدمت اور ذمہ داری ہے اب ہمیں پہلے سے بھی کہیں جوش اور جذبے کے ساتھ جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے، ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں محکمے کے پرنسپل افسران کے اجلاس میں وزیر ریلوے نے ترجیحات کا ایجنڈاپیش کر دیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وقت کم اور کام زیادہ ہے۔اُن کی ترجیحات میں ریلوے ملازمین کا نیا سروس سٹرکچر ، ریلوے ورکشاپس ، پپری مار شلنگ یارڈ، واشنگ لائنز، ریلوے سٹیشنوں اور کوچز کی اپ گریڈیشن ، ریلوے زمینوں کی کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل، سبی ہرنائی سیکشن اور کوہاٹ پنڈی ریل کار کی بحالی ،گاڑیوں کی ڈرائی کلیننگ ،حادثات کی روک تھام کے نظام کا نفاذ اور گوادر میں ریلوے کے نظام کا قیام شامل ہیں۔ وزیر ریلویز نے چائنیز اور ملکی لوکوموٹیوز کی دیکھ بھال کے معاہدوں کے علاوہ سی پیک پر آن گراونڈ کام شروع کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم اپنے ایجنڈے میں کافی کام پہلے ہی مکمل کر چکے اورمستقبل کے پراجیکٹس کی بنیاد رکھ چکے ہیں۔ یہ تمام کام پائپ لائن میں ہیں اور اب ہمیں دن رات محنت کرکے انہیں پایہ تکمیل تک پہچانا ہے اور یقین دلایا کہ یہ اُن کی دی ہوئی گا ئیڈ لائنز کے مطابق محنت ،میرٹ اور دیانت کو بنیاد بناتے ہوئے وہ ریلوے کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی مسافر ٹرینیں چلانے کے لئے نئی کوچز کی انڈکشن کے منصوبے پر بھی عملدرآمد میں تیزی لائی جائے۔ اس موقع پر افسران نے خواجہ سعد رفیق کو ریلوے کی وزارت دوبارہ سنبھا لنے پر مبارک باد دی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز،ممبر فنانس غلام مصطفی،ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصر بلا خان سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔