ضلع کرم میں دھشتگردانہ واقعات قابل افسوس اور مذمت ہیں۔ ساجد حسین طوری

 
0
89

اسلام آباد 21 جون 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے صدہ کے مقام پر پاراچنار سے آنے والی مسافر گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذیشان حیدر کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کی اس نئی لہر کے پیچھے ملوث عناصر اور سازشوں کا سراغ لگائیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ باور رہے کہ ملک میں امن تب ممکن ہے اگر قبائلی اضلاع میں امن و امان ہو جہاں کی عوام پیچھلے دو سے زائد دہائیوں سے دھشتگردی کا شکار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید ذیشان حیدر ایک محنتی اور ہونہار طالب علم تھے جو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے والے تھے لیکن ظالم دہشت گردوں نے ان کے مظلوم والدین سے ہمیشہ کے لیے چھین لیا۔
ساجد طوری نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے جو ملک میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے شعلوں کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان لازوال قربانیوں کے بعد ملک میں خصوصاً قبائلی اضلاع میں امن بحال ہوا ہے۔
ساجد حسین طوری نے مزید کہا کہ امن ہی ترقی کا ضامن ہے جو دشمن عناصر سے برداشت نہیں رہا ہے کیونکہ اب قبائلی اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ ساجد حسین طوری نے ضلع کرم کے شیعہ و سنی عمائدین اور عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صبر سے کام لیں اور دشمن کو ان کی سازشوں میں کامیاب نہ ہونے دیں۔