ریڈ زون سے افغان مہاجرین کی منتقلی کا معاملہ

 
0
104

اسلام آباد 21 جون 2022 (ٹی این ایس): آج شام بارش کے دوران افغان مظاہرین نے اچانک ریڈ زون میں گھسنے کی کوشش کی۔ ریڈزون میں کسی قسم کے احتجاج پر دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مظاہرین کو ریڈ زون میں نہ جانے کی تنبیہہ کی۔ مظاہرین نے پولیس کے ساتھ دھکم پیل کی اور ریڈ زون میں داخل ہوگئے۔ پولیس نے ان مظاہرین کو ریڈزون سے نکال کر پریس کلب پر منتقل کیا۔ جن لوگوں ان مظاہرین کو احتجاج اور امن و امان میں خلل ڈالنے پر اکسایا ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے افغان کمشنریٹ سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔
ریڈزون میں کسی قسم کے احتجاج کے متعلق عدالت عالیہ اور عدالت عظمی کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ کسی بھی صورت ریڈ زون میں کسی ریلی یا احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس نے دودن قبل پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا۔ رجسٹریشن سے بچنے کے لئے یہ لوگ پولیس سے تعاون نہیں کررہے تھے اور نہ ہی اپنے کوائف دے رہے تھے۔ ایسی کسی بھی صورتحال سے بچنے کے لئے کہ کوئی شرپسند ان کی آڑلے کرریڈ زون میں داخل ہوسکے یہ کارروائی کی گئی۔ شہریوں سے گذارش ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق فوری پولیس کو اطلاع دیں۔