پی آئی اے کے آئی ٹی نظام میں فنی خرابی، دنیا بھر سے رابطے منقطع،اندرون اور بیرون ملک جانیوالی کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار

 
0
381

کراچی اگست 05.(ٹی این ایس )پی آئی اے کا آئی ٹی سسٹم بیٹھ گیا، جس کے بعد قومی ائیر لائن کیدنیابھرسے رابطے منقطع ہوگئے، خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے آئی ٹی نظام میں فنی خرابی کے باعث دنیا بھر سے رابطے منقطع ہوگئے ، پی آئی اے کا نظام رات 12بجے خراب ہوالاکھوں روپے تنخواہ لینے والا عملہ بارہ گھنٹے بعد بھی خرابی دور نہ کرسکا۔فنی خرابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ۔ اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں، کراچی سے لاہور جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے302تین گھنٹے ، ریاض سے کراچی آنیوالی پروازپی کے726چار گھنٹے سے زائد جبکہ لاہور سے دبئی جانیوالی پرواز پی کے203تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔پروازوں کی منسوخی سے بھی مسافروں رل گئے ، پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر مسافروں نے ایئرپورٹ پر احتجاج کیا، بالخصوص بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافر موجودہ صورتحال میں پی آئی اے سے شدید نالاں نظرآئے ۔