وزیراعظم سے آصف زرداری اور بلاول کی ملاقات، ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے بات چیت

 
0
117

اسلام آباد 30 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم شہباز شریف سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیرِ اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق اور رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے ایم کیو ایم سے کیے گئے معاہدے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے تبادلہ خیال کیا۔

زرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قیادت نے مل کر اجتماعی معاملات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام اتحادی مل کر آگے بڑھیں گے، حکومتی اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ملاقات میں ارکان اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں اور چیئرمین نیب سمیت اہم تعیناتیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

قبل ازیں ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے شکوہ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی ان سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کررہی۔