قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس؛ عسکری قیادت کی ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر بریفنگ

 
0
133

اسلام آباد 05 جولائی 2022 (ٹی این ایس): پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اِن کیمرا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت جاری ہے جس میں سیاسی، عسکری اور پارلیمانی قیادت موجود ہے۔

قومی سلامتی کا چھٹا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جاری ہے۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت موجود ہے۔

شرکا میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی اویس نورانی سمیت، وزرا، ارکان اسمبلی اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے اراکین اور دیگر حکام موجود ہیں تاہم وزیر اعلی کے پی محمود خان شرکت نہیں کی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم نے ملک کی موجودہ صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کیا جب کہ عسکری قیادت کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں غیرمتعلقہ افراد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہونے کے باعث میڈیا کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔