سکھر: پہلا روبوٹک سرجری یونٹ قائم

 
0
113

ایس آئی یو ٹی اور سندھ حکومت کے تعاون سے سکھر میں پہلا روبوٹک سرجری یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایس آ ئی یو ٹی چھبلانی میڈیکل سینٹر میں قائم روبوٹک سرجری یونٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے لئے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ میرے استاد اور ہم سب کے لئے مشعل راہ پروفیسر ادیب رضوی میرے ساتھ اس وقت یہاں موجود ہیں اور میں ان کی سرپرستی میں روبوٹک سرجیکل یو نٹ کا افتتاح کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اس سینٹر کا قیام بھی اس کڑی کا ایک حصہ ہے۔

ہمارے قومی اور صوبائی اسمبلی کے نمائندے ہمیشہ ایس آئی یو ٹی کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری کو سرجیکل سائنسز کا مستقبل مانا جاتا ہے۔ سکھر میں اس مرکز کے قیام سے سکھر سمیت لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور بینظیر آباد کے مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا۔

ڈاکٹر ادیب رضوی ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو ٹی کا مقصد تمام مریضوں کو جدید ترین علاج کی سہولیات مفت، عزت نفس کے ساتھ مہیا کرنا ہے۔

اسی مقصد کے تحت سکھر میں روبوٹک سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ اس جدید ترین سرجری سےعام آدمی کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکے اور علاج کے سلسلے میں اسے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے حکومت سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر کا قیام میں حکومت سندھ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے اور ان ہی کے تعاون سے پاکستان اور خطے کے نئے سرجنز کے لئے روبوٹک ٹریننگ سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے روبوٹک سرجن ڈاکٹر ریحان محسن نے شرکاء کو روبوٹک سرجری کے فوائد کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سرجری سے مریض کے جسم پر آپریشن کے بہت کم نشانات ہوتے ہیں، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور مریض کا اسپتال میں قیام بھی محدود ہوتا ہے۔