الیکشن کا اعلان کر دیں، ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فواد چوہدری

 
0
123

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کا اعلان کر دیں ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں،  پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے۔

فواد چوہدری نے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے، آپ اعلان کریں الیکشن مارچ یا اپریل میں ہوں گے تو بات ہو جائے گی۔

فواد چوہدری نے لانگ مارچ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کل ممکن نہیں ہو سکا کہ ہم شاہدرہ پہنچ سکیں، آج شاہدرہ سے لانگ مارچ شروع ہو گا، بہت بڑی تعداد میں عوام شاہدرہ میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انرجی برقرار تھی، ہر پوائنٹ پرمختلف لوگوں کے گروپ آتے ہیں، ہم لوگوں کو تھکانا نہیں چاہتے، لوگوں میں کہیں پر بھی انرجی میں کمی نہیں آئی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللّٰہ اور پرویز رشید کے بیانات سن کر دکھ ہوتا ہے۔

 اس سے قبل رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‏حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں، ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حقیقی آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں،  غیر سنجیدہ کمیٹی بنانے کی خبریں صرف آزادی مارچ کوانگیج کرنے کے لیے ہیں۔