پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں انکی حمایت جاری رکھے گا، سلجوق مستنصر تارڑ

 
0
145

ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ نے 27 اکتوبر 2022 کو یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے کاز اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مستقل عزم رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کا حامی ہے۔

علی رضا سید نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارت کے غیرقانونی طور پر کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے اس حقیقت پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا نے اس صورتحال پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

پروفیسر اسلم سید نے اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سہ دہائیوں سے بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

اسٹوڈنٹس کی نمائندہ محترمہ رامین نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن صرف جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل سے ہی ممکن ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین اور بچوں کے خلاف مظالم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگست 2019 سے میڈیا بلیک آؤٹ کی وجہ سے ان خلاف ورزیوں کے پورے پیمانے پوشیدہ ہیں۔

تقریب میں سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ، کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید، بون یونیورسٹی سے پروفیسر محمد اسلم سید اور نیدرلینڈز میں پڑھنے والے اسٹوڈنٹس کی نمائندہ محترمہ رامین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

یومِ سیاہ کشمیر پر صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی حاضرین کو سنائے گئے۔

تقریب میں کشمیری تارکین وطن، این جی اوز کے نمائندوں، ماہرین تعلیم اور ڈچ شرکاء نے بھی شرکت کی۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء اور مہمانوں کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔