اسلا م آباد اگست07۔ (ٹی این ایس )سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کےبراستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے کے روٹ تیاری مکمل کر لی گئی ہے جس کے تحت محمد نواز شریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے نکلتے ہوئے راولپنڈی داخل ہوگا اور براستہ جی ٹی روڈ لاہور کی جانب روانہ ہو گا ،اس ضمن میں( ٹی این ایس ) کو ملنے والی معلومات کے مطابق اتوار کے روز اسلام آباد میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف قافلے کی صورت میں پنجاب ہاؤس سے ڈی چوک پہنچیں گے، ڈی چوک سے کارواں بلیو ایریا سے ہوتا ہوا زیرو پوائنٹ اور فیض آباد پہنچے گا، فیض آباد سے محمد نواز شریف کا کارواں مری روڈ سے ہوتا ہوا راولپنڈی میں داخل ہو گا، مری روڈ سے گزرتا ہوا راولپنڈی کچہری اور پھر روات کی جانب بڑہے گا، اسکے بعد یہ قافلہ جی ٹی روڈ سے لاہور کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا، اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی سیکورٹی کے لئے تین حصار بنائیں جائیں گے ، جس میں قانون نافذ کرنے والوں کے علاوہ سول ملبوس میں بھی افسران اور اہلکار فرائض انجام دینگے ، جی ٹی روڈ پر سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی گاڑی اور مخصو ص حصار کے قریب جامر نضب ہونگے جس سے کوئی بھی موبائیل اور الیکٹرک آلات کام نہیں کرسکیں گے ، قافلہ کی فضائی نگرانی کا بھی باقاعدہ بندوبست کیا گیا ہے جس کے تحت ہیلی کاپٹر بھی فرائض انجام دے گا ۔ سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف لاہور روانگی کےدوران جی ٹی روڈ پر مختلف مخصوص قرار پانیوالے مقامات پر قافلہ کے شرکا سے خطاب بھی کرینگے۔لاہور پہنچنے پر سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سب سے پہلے داتا دربا پر حاضری بھی دینگے۔













