اعظم سواتی کی ویڈیو بھارتی ویڈیو جوڑ کر بنائی گئی، ڈی جی ایف آئی اے

 
0
137

ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو میں ایک بھارتی ویڈیو شامل کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ نے بتایا کہ اعظم سواتی سے متعلق ویڈیو 2 ویڈیوز کو ملا کر ایک بنائی گئی ہے، اور ان ویڈیوز میں سے ایک بھارتی ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ کمیٹی ہدایات پر ویڈیو کی مزید تحقیق کی جائے گی، ایسا نہیں کہ ویڈیوز اسکینڈلز میں ملوث ملزمان منطقی انجام تک نہ پہنچے ہوں، ویڈیوز اسکینڈلز میں ملوث کتنے ملزمان کو سزا ہوئی؟ چیک کرکے بتاؤں گا۔

دوسری جانب مولانا عبدالغفور حیدری کی زیرصدارت مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کیلئے سینیٹ کی اسپیشل کمیٹی کا اجلاس ہوا، تاہم اعظم سواتی دوسرے اجلاس میں بھی پیش نہ ہوئے۔

کمیٹی کنوینئر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی اس معزز ایوان کا حصہ ہیں، یہ با اختیارکمیٹی ان کی مدد کرنا چاہتی ہے، ان سے درخواست کی تھی کمیٹی میں آکرالزامات کےثبوت پیش کریں۔

غفور حیدری نے کہا کہ ایڈشنل سیکرٹری وزارت داخلہ مومن آغا کی وڈیو لیک سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ میں کہا ڈی جی ایف آئی اے کو ہم نے 5 نومبر کو انکوائری کیلئے خط لکھا، ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ نے بتایا متاثرہ شخص نے باضابطہ طور پر درخواست نہیں دی بلکہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انکوائری کی گئی، اور سائبر کرائم ٹیم نے انکوائری کے بعد جو رپورٹ بھیجی اس میں کہا گیا کہ یہ وڈیو جعلی ہے۔