عمران خان امریکی سازش کا بیانیہ پیچھے چھوڑ کر امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے پر تیار

 
0
103

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان امریکی سازش کے بیانیے کو پیچھے چھوڑ کر امریکا کے ساتھ پھر سے اچھے تعلقات قائم کرنے پر تیار ہوگئے۔
عمران خان نے برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا امریکی سازش کا معاملہ ختم ہو چکا، اب امریکا پر الزام نہیں لگاتا۔

عمران خان نے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر دوبارہ منتخب ہوئے تو امریکا سے باوقار تعلقات رکھنا چاہیں گے۔

انہوںنے کہا پاکستان اور امریکا کے تعلقات غلام اور مالک کے رہے ہیں، لیکن اس میں بھی زیادہ قصور پاکستانی حکومتوں کا تھا۔
ایک سوال پر عمران خان نے یوکرین پر حملے کے دوران دورہ روس کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا پاک فوج میرے مستقبل کے منصوبوں میں تعمیری کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، جب آئی ایم ایف کے کچھ اقدامات سے آپ کی معیشت سکڑ جائے، توہم اپنا قرض کیسے ادا کریں گے؟
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کی بحالی کا واحد راستہ قبل از وقت صاف اور شفاف انتخابات ہی ہیں، اگر فوری انتخابات نہ ہوئے تو معاشی تباہی اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔