سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر حملے کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا گیا

 
0
88

راولپنڈی: محکمہ سی ٹی ڈی پنجاب اور سول حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کلر سیداں روڈ راولپنڈی پر کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کا سہولت کار گرفتار کرلیا۔

گرفتار شخص کی شناخت عبداللہ خان کے نام سے ہوئی جو کہ ڈھڈیال ضلع میر پور آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔ ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد تخریب کاری کیلئے لے جارہا تھا۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور افغانستان مرکز سے تربیت یافتہ ہے۔ ملزم مدرسے کا مہتمم ہے۔ اس کے سسر مسعود الحق سیاکھوی اور برادر نسبتی ابراہیم سیاکھوی اشتہاری ملزمان ریڈ بک میں ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے سسر کی ہدایت پر سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ خود کش حملے میں ملوث حمزہ شبیر اور قاری سہیل کو اپنے پاس پناہ دی اور رہائش کا متعدد بار بندوبست کیا۔ قاری سہیل اس وقت افغانستان میں موجود ہے۔

ملزم نے قیصر مصطفی عرف کیپٹن نعمان جو حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا کو بھی اپنے پاس پناہ دی تھی۔ قیصر مصطفی عرف کیپٹن نعمان اکتوبر2015میں راولپنڈی میں انکانٹر میں مارا گیا تھا۔ ملزم ان کے علاوہ بھی دہشت گردوں کو متعدد بار سہولت کاری فراہم کرتا رہا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔