نیشنل کالج آف آرٹس کے کیمپس کی تعمیر کا کام اگلے مہینے سے شروع ہو جائے گا،چیف سیکریٹری

 
0
157

گلگت(آئی پی ایس)نیشنل کالج آف آرٹس (NCA) کے کیمپس کی تعمیر کا کام اگلے مہینے سے شروع ہو جائے گا اور طلباء وطالبات کے سیکھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کا یہ مرکز ایک سال کے مختصر عرصے میں تکمیل کو پہنچے گا۔اس دوران عارضی کیمپس ایک ماہ کے بعد فعال ہو جائے گا۔

اس حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان نے خطے میں پہلی بار نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا ہے۔مزید یہ کہ فنون کی اس عالمی درسگاہ میں داخلے کے لیے انٹرویو بھی گلگت شہر میں ہی ہوں گے اور تعلیمی وابستگی کو ظاہر کرنے کے لیے میں نے انٹرویو کے انعقاد کے لیے اپنا دفتر اور کمیٹی روم کو مختص کر رکھا ہے۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت ملک کے بہترین تعلیمی اداروں کو گلگت بلتستان کے طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ آئیں اور اس خطے میں اپنا سیٹ اپ قائم کریں تاکہ ہمارے بیٹے اور بیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور وہ اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم روشن مستقبل کی ضامن ہے اور گلگت بلتستان کا اصل سرمایہ یہاں کے طلباء ہیں اور انہیں گھر کی دہلیز پر بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔