پنجاب اور کے پی اسمبلیاں تحلیل ہوئی توضمنی انتخابات ہی ہوں گے

 
0
68

مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواسمبلی تحلیل ہوئی توضمنی انتخابات ہی ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ق لیگ اور وفاقی وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد جنرل الیکشن کس بات کے ہوں، ضمنی انتخابات ہی ہوں گے، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد الیکشن ہی ہوتے ہیں۔
طارق بشیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو اداکاری ہو رہی ہے اس مشن میں عمران خان کامیاب نہیں ہوں گے، ان کی عقل میں کس نے ڈالا کہ 6 ماہ پہلے اسمبلی توڑ دو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو سوائے جھوٹ کے اور کوئی کام نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد میں لوگ غیر حاضر تھے، وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ خدا کیلئے عدم اعتماد پیش کردو تاکہ مجھے اسمبلی نہ توڑنی پڑے۔
ملک میں جاری آٹا اور گندم بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر غذائی تحفظ نے کہا کہ بتایا جائے کس صوبے میں گندم کی قلت ہے، گندم کی قلت کے حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں، کسی صوبے میں گندم کی قلت نہیں۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ملک میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے، صوبوں کو ان کی مانگ کے مطابق گندم فراہم کرچکے ہیں۔