اتوار کا دن پاکستانیوں پر بھاری ،دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ،لاشوں کے ڈھیرے لگ گئے

 
0
74

اتوار کا روز پاکستانیوں پر بھاری ،ایک روز میں دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ، لاشوں کے انبار لگ گئے ،چشتیاں اور لسبیلہ میں موت کا رقص ،45افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

تفصیلات کے مطابق چشتیاں کے نواحی علاقہ 24 گجیانی کے قریب پیش آنے والے خوفناک حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد شادی میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔تیز رفتار کار موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد درخت کو جا لگی، حادثے میں 6 اموات کے علاوہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے سے متعلق ابتدائی معلومات میں یہ چیز سامنے آئی ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

قبل ازیں بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں جاگری ، جس کے نتیجے میں اب تک 39 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی ، کھائی میں گرنے کے بعد کوچ میں آگ بھڑک اٹھی ، امدادی کارروائیوں کے دوران کوچ سے اب تک 39 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔حادثے کی اطلاع پر فائربریگیڈ گاڑیوں اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ، اے سی بیلہ کے مطابق مسافر کوچ میں 48 مسافر سوار تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کے مطابق مسافر کوچ میں جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی ہے، مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور ان کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔ایدھی انچارج لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا کہنا ہے کہ بس میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں تک پہنچائے۔