شیخ رشید کی ضمانت کیوں مسترد ہوئی؟ عدالت کا تحریری فیصلہ جاری

 
0
182

اسلام آباد کی عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ایڈیشنل

سیشن جج طاہر عباس نے چار صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج ہوا، شیخ رشیدکے مطابق عمران خان کےقتل کی سازش سے متعلق ان کے  پاس شواہد موجود ہیں جو شیئر کرنے کیلئے تیار ہیں۔تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق پولیس کو شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا گیا، شیخ رشید کا بیان بیرون ملک بھی نشر ہوا جس سے وہ انکاری نہیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرانسکرپٹ کے مطابق ثابت نہیں ہوتاکہ عمران خان نے شیخ رشید سے کوئی معلومات شیئر کی ہوں، شیخ رشیدکی عمران خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات کی تفصیل دیے بغیر آصف زرداری پر الزام لگایاگیا، شیخ رشید ایک طرف کہتے ہیں قتل کی سازش سے متعلق تمام معلومات ہیں لیکن پولیس سے شیئر نہیں کیں، شیخ رشید کے بیان سے دونوں سیاسی کارکنان میں اشتعال پیدا ہوسکتا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ شیخ رشید سینئر سیاست دان ہیں اور ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات سنجیدہ ہیں، شیخ رشید اپنے بیانات کے اثرات سے لاعلم ہیں، وہ  ماضی میں بھی اس طرح کے غیرسنجیدہ بیان دے چکے ہیں۔عدالتی فیصلے میں  شیخ رشید کی جانب سے الزام کو بار بار دہرانا ضمانت کی استدعا مسترد ہونے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔