ایک ارب ڈالر کا ٹھیکہ، امریکہ توپ کے گولے کس لیے بنا رہا ہے؟

 
0
91
امریکہ کی فوج نے توپ کے گولے بنانے کے لیے ایک ارب ڈالر کا ٹھیکہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 155 ملی میٹر قطر کے گولے توپ سے داغے جاتے ہیں اور اس کی اضافی پیداوار کا ٹھیکہ دیا جا رہا ہے۔ یہ گولے یوکرین میں بڑے پیمانے پر روس کے خلاف دفاع میں کام آ رہے ہیں۔
امریکی فوج کے بیان کے مطابق 99 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کے اس ٹھیکے کو جیتنے کے لیے دو کمپنیوں جنرل ڈائنامکس آرڈننس اینڈ ٹیکٹیکل سسٹم اور امریکن آرڈننس ایل ایل سی میں مقابلہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹھیکے کا مقصد ماہانہ 12 سے 20 ہزار اضافی گولے بنانا ہے۔
یہ اعلان جمعے کو اس وقت کیا گیا جب اس سے پہلے امریکی محکمہ پینٹاگون کا یوکرین سکیورٹی اسسٹنس انیشیٹیو اسی طرح کا ایک اور ٹھیکہ دو کمپنیوں کو دے چکا ہے۔ اس ٹھیکے کی مالیت 52 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔
گزشتہ برس فروری میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد دونوں اطراف کی افواج ایک دوسرے کے خلاف بڑے پیمانے پر  بارود کا استعمال کر چکی ہیں۔
نومبر میں امریکی فوج کے ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ روسی افواج توپ خانے کے 20 ہزار گولے روزانہ کی بنیاد پر داغ رہی ہیں۔
یوکرین کی افواج جنگ کے دوران روزانہ چار سے سات ہزار توپ کے گولے داغ رہی ہیں۔ یہ اس سے بہت زیادہ ہے جو اُس کے مغربی اتحادیوں کے اسلحہ ساز کارخانے ایک دن میں تیار کرتے ہیں۔
جنگ کی صورتحال پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کے مطابق موسم سرما میں توپ خانے کے استعمال میں کمی آئی کیونکہ دونوں اطراف کو اسلحے کی سپلائی پہلے جیسی نہیں رہی۔