ڈیفالٹ کے اعتراف کے بعد خواجہ آصف کو کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں،سراج الحق

 
0
79

امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے ڈیفالٹ کے اعتراف کے بعد انہیں کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، پوری قوم پریشان اور مایوس ہے، چولہے ٹھنڈے، کارخانے بند ہو گئے ہیں،2ماہ میں مہنگائی 27 فیصد بڑھ گئی ہے، پارلیمنٹ والے غریب کے مسئلے نہیں جانتے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی مفادات کی لڑائی اور نورا کشتی ہے، 170ارب صرف سیاستدانوں کی پراپرٹی بیچنے سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ غریب آٹے کے حصول کے لیے لائنوں میں لگے ہیں جبکہ مالدار ڈالرز کے لیے لائن میں کھڑے ہیں، ہر شخص مہینے کے بجٹ کی وجہ سے پریشان ہے ، غریب سوچ رہا ہے کہ بجلی گیس کے بل کیسے ادا کروں لیکن پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں کو عوامی مسائل کا علم نہیں۔ان کاکہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان سے غداری کی، سودی نظام اپنایا، ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، صنعتی یونٹس ختم اور کاروبار بند ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مہنگائی میں 27 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔سراج الحق نے کہا کہ پارلیمان والے مراعات میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ غریب آٹے کیلیے رو رہا ہے، پٹرول ہزار روپے لیٹر بھی ہو جائے تو پی ڈی ایم کو فرق نہیں پڑتا۔