لاہور ستمبر 8(ٹی این ایس) یوم بحریہ پروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پاک بحریہ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاک بحریہ کے موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کی تاریخ میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آج کا دن پاک بحریہ کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔یوم بحریہ پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ کے اُس سنہری باب کی یاد دلاتا ہے جب پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوانوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کے قبیح خوابوں کو ریزہ ریزہ کیا اور اُن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔ملک بھرمیں یومِ بحریہ آج ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہےواضح رہے کہ جنگِ ستمبرمیں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔