وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت میں وفد کی ملاقات

 
0
279

لاہور اگست 09 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت میں وفد کی ملاقات۔ وزیر اعلی پنجاب اور وزیر صنعت بلوچستان کی مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے متنازعہ بھارتی فیصلے کی شدید مذمت-
کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار- وزیر اعلی پنجاب اور بلوچستان کے وزیر صنعت کی بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات کی بھی شدید مذمت- سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مودی سرکار کے غیر قانونی، غیر آئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ غیرملکی پروازیں شروع کرنے کیلئے ڈیرہ غازی خان کے ائیرپورٹ کو مزید توسیع دی جائے گی۔ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ پر طیاروں کیلئے نائٹ لینڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔  ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے ڈیرہ غازی خان میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت ممکن ہوگی۔ ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے سے ڈیرہ غازی خان ہی نہیں بلکہ لورالائی اور گرد و نواح کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ ڈیرہ غازی خان اور بلوچستان سے متصل علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے محرومیاں دور ہوں گی۔ فورٹ منرو میں سٹیل برج کا منصوبہ مکمل ہونے سے مواصلاتی رابطے بہتر ہوں گے۔ بلوچستان کے عوام کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے دل کے امراض کے علاج کیلئے ہسپتال بنایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان اور دیگر طبی مراکز کی اپ گریڈیشن سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کرنے کیلئے سڑکوں میں تعمیر و توسیع کی جائے گی۔ سخی سرور روڈ اور تونسہ ہائی وے کی توسیع کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی طرف سے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے لورا لائی کے طلبہ کو لاہور آنے کی دعوت، حکومت پنجاب میزبانی کرے گی۔