آپریشن دوارکا‘‘ ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، سربراہ پاک بحریہ

 
0
646

اسلام آباد ستمبر 8(ٹی این ایس) یوم بحریہ پر نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی کا کہنا ہے کہ ’’ آپریشن دوارکا‘‘ ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، آج کا دن دفاع وطن کے لیے جذبے کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے ،پاک بحریہ کے جوانوں اورافسران کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم بحریہ کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، دشمن کے پانیوں میں 200 میل اندر گھس کر کارنامہ سر انجام دیا۔نیول چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کرنا پاک بحریہ کا تاریخی کارنامہ ہے، جنگ ستمبر کے دوران آبدوز غازی نے بھارتی نیوی کو مقید رکھا۔ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے مزید کہا کہ آج کادن دفاع وطن کے لیے جذبے کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے، پاک بحریہ کے جوانوں اور افسران کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس سے قبل نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ یوم پاک بحریہ (نیوی ڈے)8ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ کے اُس سنہری باب کی یاد دلاتا ہے جب پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوانوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کے قبیح خوابوں کو ریزہ ریزہ کیا اور اُن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔
خیال رہے ملک بھرمیں آج یوم بحریہ بھرپور جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔سن 1965 کی جنگ میں آٹھ ستمبر کا روز پاک بحریہ کے نام رہا، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، پاکستان کی واحد آبدوزغازی نے اپنےنام کی لاج رکھی اورغازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا اس پر حیران ہوئی، غازی آبدوز نے تن تنہا بھارتی بیڑے کو پیش قدمی سے روکے رکھا۔واضح رہے پاک بحریہ آج ماضی کےمقابلےمیں کئی گنا زیادہ طاقت ور، جدید سازوسامان، میزائل اور دفاعی نظام سے لیس دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے، جس کی دہشت دشمن کے دلوں میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ۔