پاکستان ورکرز فیڈریشن چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ چوہدری محمد یسین

 
0
64

پاکستان میں موجود ہر بچے کے حقوق کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عبدالرحمن عاصی
چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ محنت کے کونشنز کے مطابق قانون سازی کرنا ہوگی۔ اسد محمود
اسلام آباد ( ) چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، چیئرمین عبدالرحمن عاصی، نائب صدر محمد عمر سلیمی، چوہدری محمد اشرف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالرزاق میمن، خادم حسین کھوسو، اسد محمود، سید عطاء اللہ شاہ، اعجاز حسین بخاری و دیگر مزدور رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن چائلڈلیبر کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اور تمام سٹیک ہولڈرز کو بچوں کے حقوق کو یقینی بنانے اور محفوظ ماحول بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کا عالمی دن بچوں سے لی جانے والی مشقت کے حوالے سے درپیش مسائل اور چائلد لیبر کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ہم چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کے استحصال کو ختم کرنے کے لیے ترجیح بنیادوں پر قانون سازی کریں اور موجودہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان میں مہنگائی اور غربت میں اضافے کی وجہ سے چائلڈ لیبر بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے اور کروڑوں بچے آج بھی چائلڈ لیبر کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے۔ جس کا مقصد مزدوروں کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ ماضی میں ہم نے عالمی ادارہ محنت کے ساتھ مل کر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مستقبل میں بھی اس مسئلے کے حل کے لیے نہ صرف آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے بلکہ قانون سازی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جامع پالیسی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر انھوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مضبوط اور فوری قانون سازی کی جائے۔ تعلیمی سرگرمیوں اور آگاہی کے لیے فنڈنگ جاری کی جائے، اورقوانین پر عمل درآمد کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ تا کہ ملک میں چائلڈ لیبر میں کمی لائی جا سکے۔