بلدیاتی الیکشن:پی پی نے میدان مار لیا،حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر بلا مقابلہ منتخب

 
0
82

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے میئر اور ڈپٹی میئر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کاشف شورو حیدرآباد کے میئر اور صغیر قریشی ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئرکے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ کاشف شورو اور صغیر قریشی دونوں کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کراچی سمیت سندھ بھر سے اپنے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔پیپلز پارٹی نے کراچی کے میئر کے لیے مرتضی وہاب اور ڈپٹی میئر کے لیے سلمان مراد کو نامزد کیا تھا۔ کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات 15 جون کو ہونے ہیں جس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو میئر کراچی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے اور جماعت اسلامی کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ ن اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت حاصل ہے