بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے،مشال ملک

 
0
528

اسلام آباد اگست 15(ٹی این ایس)ممتاز کشمیری رہنماء اور جموں وکشمیر  لبریشن فرنٹ کے  چئیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر بھارت کے مسلسل اور بدترین مظالم پر انکی خاموشی انتہائی شرم ناک ہے۔

کشمیریوں نے آج بھارت کے یوم آزادی کوحسب روایت یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔ اس سلسلے میں پریس کلب اسلام آباد کے باہر بھی ایک دھرنے کا اہتمام کیا گیا تھا  جس میں مشال ملک بھی شریک تھیں ۔اس موقع پر ٹی این ایس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانیت کے خلاف بدترین جرائم  کا ارتکاب کر رہا ہے ،جن کا عالمی سطح پر فوری اور سنجیدہ نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے  کہا کہ بھارت نے اپنے یوم آزادی کے موقع پر  بھی کشمیریوں کو عملا محصور رکھا اور فوجی حصاروں میں اپنا نام نہاد یوم آزادی منایا۔ مشال ملک نے اپنے شوہر محمد یاسین ملک کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض حکام نے انہیں زیر حراست تشدد کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ یاسین ملک کو گزشتہ روز اس وقت گرفتار کیا گیا  جب وہ حزب المجاہدین کے شہید آپریشنل کمانڈر محمود غزنوی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے وسطی کشمیر کے چاڈورہ علاقے میں جا رہے تھے ۔بعد ازاں انہیں پاکستان اور بھارت کے آزادی کے دنوں کے پیش نظر  جیل بھیج دیا گیا۔ یاسین ملک بھارتی عقبت خانوں میں کئی جسمانی معذوریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔جبکہ وہ دل کےعارضے میں بھی مبتلا ہیں۔

مشال ملک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خرابی صحت کے باوجود انہیں آئے روز قید و بند کی صعوبتیں دی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہےاور کشمیری اس وقت تک جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔