اسلام آباد 16اگست (ٹی این ایس ) 600 سے ذائد صفحات پر تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈ ریزنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا نے کے بعد پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سے آنے والے فنڈ کی تمام تفصیلات پی ٹی آئی کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کروادی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 600سے ذائد صفحات پر مشتمل تفصیل بھی سپریم کورٹ میں جمع کروائی ۔انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ باقی دیگر جماعتوں سے بھی فنڈز کی تفصیلات مانگی جائیں ۔انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا شخص فنڈنگ تفصیلات کا مطالبہ کر رہا ہے جس کا ہم پر کوئی حق نہیں ۔انہوں نے کہا کے ہم نے الیکشن کمیشن سے اس بات کی بھی درخواست کی ہے کے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک انتظار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام حقائق سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کو دینے کے لیے تیار ہیں ۔پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان مالی معاملات میں بہت صاف اور دیانتدار انسان ہیں ۔