اسرائیل (ٹی این ایس) اسرائیل کی غزہ پر زمینی کاروائی کی کوشش،شہداء کی تعداد 2ہزار سے تجاوز,سعودیہ،اسرائیل ڈائیلاگ معطل

 
0
117

اسرائیل کی ڈیفنس فورسز کی زمینی حملوں کی تصدیق،حملے حماس کے ٹھکانوں پر کیے گئے،غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ، سینکڑوں زخمی

سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے جاری بات چیت کو معطل کردیا،غزہ سے فلسطینیوں کا انخلاء ناقابل قبول ہے،سعودیہ،او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا

غزہ(آئی پی ایس )ا سرائیل نے غزہ میں زمینی حملے شروع کرنے کی تصدیق کردی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ڈیفنس فورسز نے غزہ میں زمینی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا کہ حملے حماس کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔اسرائیل کی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی ایف نے غزہ کی پٹی میں علاقائی سطح پر حملے کیے ہیں تاکہ علاقے کو عسکریت پسندوں اور ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے اور لاپتہ ہونے والے افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ فلسطینی اتھارٹیز کے مطابق ایک ہفتے میں غزہ پر اسرائیلی بم حملوں میں اب تک 2000 فلسطینی شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔ غزہ کی ناکہ بندی کے باعث ایندھن ، پانی اور خوراک کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔

اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینوں کو زبردستی علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے عمل کو خوفناک قرار دیا ہے جبکہ امریکا نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کو مارنے سے گریز کرے۔اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی نسل کشی پراترآئی، حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔مغربی کنارے میں غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیے گئے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر بھی ٹینکوں سے چڑھائی کردی گئی،

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد یرغمال اسرائیلیوں کی بھی لاشیں ملنے لگیں۔دوسری جانب یہودی آباد کار بھی فوج کی موجودگی میں نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مارنے لگے۔عرب ٹی وی نے اسرائیلی فوج کے جھوٹ کا پول کھول دیا، تحقیقاتی رپورٹ سے ثابت کردیا کہ جن چارفلسطینیوں کو جنگجو کہہ کر گولی ماری گئی تھی، وہ غیرمسلح تھے۔لبنانی سرحد پر بھی اسرائیلی فوج کی گولہ باری اورفائرنگ سے ایک صحافی جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر فائرنگ کردی، حماس کے حملوں میں 1300 اسرائیلی ہلاک ہوچکے۔ادھر اسرائیلی میڈیا نے حماس کے ہاتھوں یرغمال بچوں کی ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حماس کے افراد بچوں کی مرہم پٹی کر رہے ہیں،

فلسطین کے صدر محمود عباس، اردن کے شاہ عبداللہ دوئم، قطری وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے جہاں اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ادھر اسرائیل کے غزہ خالی کرنے کی دھمکی پر حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے فلسطینی 1948 کی طرح دوبارہ مہاجرین نہیں بنیں گے، غزہ کے شہریوں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ حماس کے ترجمان خالد قدومی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فلسطینی اپنی زمین کبھی نہیں چھوڑیں گے، اسرائیل انخلا کیلئے عالمی اداروں کو دبا میں لا رہا ہے۔ دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو اس کی فوج کو نیست ونابود کردیا جائے گا۔

سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے جاری بات چیت کو معطل کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے فلسطین پر پے درپے حملوں اور غزہ میں ہونے والی تباہی کے بعد سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے کی جانے والی بات چیت کو معطل کردیا جس سے امریکا کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں خبر رساں ادارے رائٹرز اور بلوم نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب بات چیت کا خاتمہ نہیں کررہا البتہ فلسطین میں جاری لڑائی کے رکنے تک بات چیت کو روکا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطین کے معاملے پر ایرانی صدر سے بھی گفتگو کی تھی۔واضح رہیکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں 2 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 500 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں زخمیوں کی تعداد 6 ہزار 388 سے تجاوز کرگئی ہے۔سعودی عرب کی درخواست پر فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گرا چکا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔اسرائیلی طیاروں نے غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔اسرائیلی جارحیت اور فلسطین بالخصوص غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس جدہ میں 18 اکتوبر بدھ کو ہوگا جس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت پربحث ہوگی۔دوسری جانب سعودی عرب نے غزہ کی صورتحال کی وجہ سے اسرائیل کیساتھ معمول کے تعلقات پر بات چیت روک دی ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل سے بات چیت کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلیکے بارے میں امریکی حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے۔