اسلام آباد(ٹی این ایس)مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ہمارے پاس تھریٹ الرٹس ہیں، وزیر داخلہ

 
0
62

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ہمارے پاس تھریٹ الرٹس ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ 90 فیصد غیر قانونی طور پر مقیم افراد رضاکارانہ طور پر واپس افغانستان گئے ہیں جب کہ کوئی ایک کیس بھی خواتین یا بچوں کو ہراساں کرنے کا سامنے نہیں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 کے قریب غیر ملکی مقیم لوگوں کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی ہوئی جنہیں ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے، جو بھی غیر ملکی قانونی طور پر مقیم ہے وہ پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں نہیں کرسکتا۔نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی غیرملکی کو پاکستان میں سیاست میں حصہ لینے کی بھی اجازت نہیں، البتہ ملک بھر میں اسمگلرز کے خلاف بھی کریک ڈان جاری ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سکیورٹی کے لیے جو بھی درخواست ہوگی اسے پورا کریں گے، عام انتخابات کے لیے کمیشن کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی میں بھی انتخابی مہم میں توانا آوازیں دہشت گردی کا شکار ہوئیں، فضل الرحمان کے حوالے سے ہمارے پاس تھریٹ الرٹس ہیں۔